ویب ڈیسک
محکمہ موسمیات نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے لیے ایک بڑی موسمی تبدیلی کی پیش گوئی جاری کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 24 اکتوبر سے خطے میں ایک نئے مغربی سلسلے (Western Disturbance) کے داخل ہونے کا قوی امکان ہے، جس کے باعث موسم کا مزاج یکسر بدل جائے گا۔
پیش گوئی کے مطابق اس دوران مقبوضہ جموں و کشمیر کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں سیزن کی دلکش برفباری جبکہ میدانی اور نچلے علاقوں میں ہلکی سے تیز بارش متوقع ہے۔ اس موسمی لہر کے دوران کئی مقامات پر تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک (Thunderstorms) کے ساتھ بادل برسنے کی بھی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسن تبدیلی سے قبل تک مقبوضہ وادی میں مجموعی طور پر موسم خشک اور سرد رہے گا، تاہم بارش اور برفباری کے اس نئے سلسلے کے بعد درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوگی اور سردی کی شدت میں اضافہ ہو جائے گا۔ متعلقہ اداروں اور مسافروں کو بھی اس دوران احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

