سکھر (رپورٹ/عبدالرحمان راجپوت)
سکھر میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے ٹیکس قوانین کی مبینہ خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے شہر کے معروف کاروباری ادارے شکارپوری سویٹس کو سیل کردیا گیا۔ ایف بی آر حکام کے مطابق کارروائی مبینہ طور پر غیر قانونی انوائسز جاری کیے جانے کے معاملے پر عمل میں لائی گئی۔تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر ایف بی آر سکھر غلام نور جہانیہ کی سربراہی میں ایف بی آر کی ٹیم نے شکارپوری سویٹس کا معائنہ کیا۔ ذرائع کے مطابق معائنے کے دوران کاروباری لین دین اور انوائسز کے حوالے سے ریکارڈ کا جائزہ لیا گیا، جس کے دوران مبینہ طور پر غیر قانونی انوائسز کے اجرا کا معاملہ سامنے آیا۔ایف بی آر حکام نے معاملے کو ٹیکس قوانین اور مقررہ ضوابط کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کارروائی عمل میں لائی اور ادارے کو سیل کردیا۔ کارروائی کے بعد متعلقہ کاروباری حلقوں میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ شہریوں کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے تمام کاروباری اداروں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کی جانب سے کاروباری اداروں کے انوائسنگ سسٹم اور ٹیکس ریکارڈ کی نگرانی کا عمل جاری ہے، جبکہ مبینہ خلاف ورزیوں کی صورت میں قانون کے مطابق مزید کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔

