خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے)
ڈپٹی کمشنر آفس خوشاب میں 6 ستمبر یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر پرچم کشائی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خرم حمید، ڈی ایس پی خوشاب محمد امجد اور ضلع خوشاب سے تعلق رکھنے والے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خرم حمید اور ڈی ایس پی خوشاب محمد امجد نے قومی پرچم سربلند کیا۔ تقریب میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر نیبل سلیم، پنجاب پولیس، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122، میونسپل کمیٹی جوہرآباد سمیت مختلف سرکاری محکموں کے افسران و اہلکاروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پرچم کشائی کی تقریب کے بعد یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر ریلی بھی نکالی گئی، جس کی قیادت اے ڈی سی ریونیو خرم حمید اور ڈی ایس پی خوشاب محمد امجد نے کی۔ ریلی کا آغاز ڈی سی کمپلیکس کے احاطہ سے ہوا اور شرکاء نے مختلف راستوں سے گزرتے ہوئے ڈی سی آفس کے مرکزی گیٹ پر اختتام کیا۔ ریلی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت مختلف سرکاری محکموں کے افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔ شرکاء نے وطن عزیز سے محبت اور افواج پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اے ڈی سی ریونیو خرم حمید نے کہا کہ پاکستان ایک عظیم اور محفوظ ملک ہے اور وطن عزیز کی سلامتی مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ پرچم کشائی کی تقریب اور ریلی کے اختتام پر ملکی ترقی، خوشحالی، سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ اس موقع پر وطن عزیز کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدائے وطن کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا گیا۔


