نوشہرو فیروز (راجہ رجب علی سمون)
سندھی ادبی سنگت شاخ بچل مہر کی جانب سے انٹرنیشنل رائٹرز فورم پاکستان کے مرکزی چیئرمین، نامور شاعر، کالم نگار اور شاخ بچل مہر کے کونسلر اعجاز ممنائی کی کتاب “ہادی سندی ہدایت” کی تقریبِ رونمائی پیپلز اسکول کے ہال میں منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت سندھی ادبی سنگت کے ضلعی رابطہ سیکریٹری سید مختیار علی شاہ مختیار نے کی جبکہ مہمانِ خاص پروفیسر جبار ملاح تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر بخش علی چانڈیو، پروفیسر مخدوم اظہار، پروفیسر اصغر بھٹی، پروفیسر منور علی سرگانی، امانت وسطڑو، زاہد حسین سومرو، عبداللطیف سولنگی، استاد اقبال میمن اور دیگر مقررین نے کہا کہ اعجاز ممنائی سندھی ادب کو کئی قیمتی کتابیں دے چکے ہیں۔ وہ غزل کے ساتھ نعت، منقبت اور مرثیے کے بھی اعلیٰ شاعر ہیں۔اس موقع پر صاحبِ کتاب اعجاز ممنائی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ہاں مولود شریف اور نبی پاک ﷺ کی ثنا و تعریف مخصوص انداز میں پڑھی اور گائی جاتی ہے۔صدارتی خطاب کرتے ہوئے نامور ادیب اور ضلعی رابطہ سیکریٹری سید مختیار علی شاہ مختیار نے کہا کہ اعجاز ممنائی ایک متحرک ادیب، شاعر اور سماجی رہنما ہیں، جن کا نعتیہ کلام روحانی رموز سے مزین ہے۔
تقریبِ رونمائی میں معروف نعت خواں استاد غلام مصطفیٰ ٹالپر، محمد حسین اڄڻ، غلام حسن کلہوڑو، جمیل شیخ اور صابر خانزادہ نے نعتیں پیش کرکے محفل پر روحانی کیفیت طاری کر دی۔
پروگرام میں اسٹیج سیکریٹری کے فرائض گل بقا عمرانی نے انجام دیے جبکہ تقریب کے اختتام پر ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔

