اسلام آباد : پاکستان کی جانب سے اردن کے شاہ عبداللہ دوم کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ نشان پاکستان سے نواز دیا گیا۔
اتوار کے روز ایوان صدر میں اردن کے شاہ عبداللہ دوم کو پاکستان کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ دینے کے لیے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزرا اور دیگر سیاسی و عسکری قیادت نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا، تقریب میں دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے، صدر مملکت آصف علی زرداری نے شاہ عبداللہ دوم کو نشان امتیاز سے نوازا۔
شاہ عبداللہ دوم کو دو طرفہ تعلقات مضبوط بنانے، عالمی وعلاقائی امن کیلیے خدمات کے اعتراف میں یہ اعزاز دیا گیا۔
اس موقع پر شاہ عبداللہ دوم نے بھی صدر پاکستان آصف علی زرداری کو اردن کا اعلیٰ ترین اعزاز دیا۔
واضح رہے کہ اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم پاکستان کا دو روزہ دورہ مکمل کر کے واپس روانہ ہو گئے ہیں، دورہ پاکستان کے موقع پر انہوں نے اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کیں۔

