واشنگٹن:ایمازون کے بانی جیف بیزوس کی مجموعی دولت میں 24 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے، جب کمپنی کے حصص اپنی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔
یہ اضافہ توقعات سے کہیں بہتر مالی نتائج اور مصنوعی ذہانت سے متعلق مصنوعات و خدمات کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث ہوا۔العربیہ اردو کے مطابق ایمازون کے حصص کی قیمت 11.5 فیصد اضافے کے ساتھ 248.6 ڈالر تک جا پہنچی، جو اپریل کے بعد روزانہ کے سودوں میں سب سے بڑی نمایاں اضافہ میں سے ایک ہے، اپریل میں بھی حصص کی قیمت 12 فیصد بڑھی تھی جبکہ اس سے قبل جمعرات کو اس میں 3.2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔کمپنی نے 180.2 ارب ڈالر کی آمدنی اور فی شیئر 1.95 ڈالر منافع کا اعلان کیا جو ماہرین کی توقعات سے زیادہ تھا۔ تجزیہ کاروں نے آمدنی 177.9 ارب ڈالر اور فی شیئر منافع 1.57 ڈالر رہنے کی پیش گوئی کی تھی۔
یمازون کے سی ای او اینڈی جیسی نے شاندار نتائج کی وجہ ایمازون ویب سروسز میں 20 فیصد سالانہ ترقی اور مصنوعی ذہانت سے متعلق مصنوعات کی بڑھتی ہوئی طلب کو قرار دیا۔ کمپنی نے رواں ہفتے 11 ارب ڈالر مالیت کا نیا ڈیٹا سینٹر شروع کیا ہے جو کمپنی Anthropic کے مصنوعی ذہانت کے ماڈلز کی معاونت کرے گا۔فوربز کے مطابق جیف بیزوس، جو ایمازون کے 8 فیصد حصص کے مالک ہیں، کی مجموعی دولت بڑھ کر 259.4 ارب ڈالر تک جا پہنچی، جس کے ساتھ وہ دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص برقرار رہے۔
یہ اضافہ جمعرات کو 6.6 ارب ڈالر کی کمی کے بعد سامنے آیا جو اس وقت حصص کی گراوٹ کے باعث ہوئی تھی۔ایمازون کے حصص کی قیمت اپریل میں 161.38 ڈالر کی کم ترین سطح سے اب تک 53 فیصد بڑھ چکی ہے، جبکہ رواں سال کے آغاز سے اب تک اس میں 12 فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

