لاہور: پنجاب میں زمین ہتھیانے والے غاصبوں کے خلاف سخت کارروائی جاری ہے اور پنجاب حکومت نے صرف دو دن کے اندر 1005 زمینوں کے کیس نمٹا کر حیران کن ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ برسوں سے عدالتی چکر کاٹنے والے ایک ہزار پانچ خاندانوں کو 48 گھنٹوں میں اُن کی زمین، اُن کی ملکیت اور اُن کا حق واپس مل گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے مطابق "جس کی ملکیت، اسی کا قبضہ” کا وعدہ عملی طور پر پورا کیا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ کی سربراہی میں پراپرٹی آرڈیننس کے موثر نفاذ پر اہم اجلاس ہوا، جس میں دو روز میں 1005 کیسز نمٹانے کی تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔ اجلاس کے دوران مریم نواز شریف نے نئے پراپرٹی آرڈیننس پر ہونے والی پیشرفت کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ پنجاب میں خواتین کے زمین کے کیسز کو اولین ترجیح پر حل کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ زمین کے کیس کا جیسے ہی فیصلہ ہوگا، فوری قبضہ بھی دیا جائے گا۔نہ کوئی تاخیر، نہ کوئی سفارش، نہ کوئی کوتاہی برداشت کی جائے گی۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ زمین کا اصل مالک جب تک قبضہ نہ لے، فیصلہ ادھورا ہے۔ قبضہ صرف کاغذ پر نہیں بلکہ زمین پر نظر آنا چاہیے۔ پنجاب کے ہر مرلے، ہر کنال اور ہر ایکڑ پر صرف اصل مالک کا قبضہ یقینی بنایا جائے گا۔

