لاہور (جنرل رپورٹر): صوبائی دارالحکومت لاہور کے مشہور گلاب دیوی اسپتال میں لیڈی ڈاکٹر اور مریض کے لواحقین کے درمیان جھگڑے کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جس پر نصیر آباد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر ملوث دو خواتین کو حراست میں لے لیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ رات گلاب دیوی اسپتال کے امیر الدین وارڈ میں پیش آیا۔ جہاں ڈیوٹی پر موجود لیڈی ڈاکٹر زہرہ نے مریض کے بہتر علاج اور طبی عمل میں دشواری سے بچنے کے لیے لواحقین (خواتین) کو وارڈ سے باہر جانے کی ہدایت کی تھی۔ ڈاکٹر کی ہدایت پر مریض کے ساتھ آئی خواتین مشتعل ہو گئیں اور ان کے درمیان تلخ کلامی اور جھگڑا شروع ہو گیا۔
نصیر آباد پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات پر قابو پایا اور جھگڑے میں ملوث دونوں خواتین کو تحویل میں لے لیا۔ دونوں خواتین کے خلاف قانون کی دفعہ 107/151 کے تحت انسدادی کارروائی (Preventive Action) کرتے ہوئے انہیں عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ اسپتالوں میں نظم و ضبط اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس نے بروقت کارروائی عمل میں لائی ہے۔
ڈی آئی جی فیصل کامران نے واضح کیا کہ کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور سرکاری و طبی اداروں میں بدنظمی پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی۔

