راولپنڈی :خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی فورسز نے 3 سے 5 ستمبر کے دوران کارروائیاں کرتے ہوئے بھارت کی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنۃ الخوارج کے 21 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور خوارجیوں کے درمیان مختلف مقامات پر شدید جھڑپیں ہوئیں، جن میں 21 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب کی گئی کارروائی کے تسلسل میں علاقے میں چھپے مزید 10 خوارجیوں کو ہلاک کردیا گیا۔ اس کارروائی کے بعد دراندازی کی کوشش کے دوران مارے جانے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 25 ہوگئی ہے۔
🚨#ISPR 21 Terrorists Eliminated
Rawalpindi, 6 September 2026From 3-5 September 2026, twenty one khwarij belonging to Indian-sponsored Fitna-Al-Khwarij were killed in multiple engagements in Khyber Pakhtunkhwa Province.
Following the successful engagement by security forces on… pic.twitter.com/zCP40gzt9X
— Pakistan Armed Forces News 🇵🇰 (@PakistanFauj) September 6, 2026
ترجمان کے مطابق شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد کے قریب خوارجیوں کے ایک اور گروہ کی نقل و حرکت کا بروقت سراغ لگایا گیا۔ سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ اور ماہرانہ انداز میں کارروائی کرتے ہوئے مزید 7 خوارجیوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان کے اضلاع میں بھی سیکیورٹی فورسز نے دو مختلف مشترکہ کارروائیاں کیں، جن کے دوران مزید 4 خوارجی مارے گئے۔
پاک افغان سرحد پر پیش آنے والے مسلسل واقعات کے حوالے سے آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ پیشرفت ایک بار پھر پاکستان کے اس مؤقف کی تائید کرتی ہے کہ افغان طالبان حکومت اپنی سرپرستی میں کام کرنے والی دہشت گرد تنظیم کو افغان سرزمین استعمال کرنے سے روکنے میں ناکام رہی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افغان حکومت سرحد کے مؤثر انتظام اور انسدادِ دہشت گردی سے متعلق اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے میں مسلسل ناکام ثابت ہورہی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کے دفاع اور تحفظ کے لیے غیر متزلزل عزم رکھتی ہیں۔ علاقے میں موجود کسی بھی باقی ماندہ خوارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ وژن عزمِ استحکام کے تحت ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کی لعنت کا مکمل خاتمہ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

