اسلام آباد: ملک بھر میں مون سون بارشوں کا نیا اور طاقتور سلسلہ داخل، لاہور اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں موسلادھار بارشیں موسمیات کے محکمہ نے اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
بحیرۂ عرب سے آنے والی مون سون ہواؤں کے داخل ہونے کے بعد پیر کو علی الصبح اسلام آباد اور راولپنڈی میں گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے جبکہ شہر میں اب بھی بادل چھائے ہوئے ہیں۔ لاہور میں بھی دوپہر موسلا دھار بارش ہوئی جس سے پودے اور درخت نکھر گئے جبکہ شدید حبس سے تنگ شہریوں نے سکون کا سانس لیا ، کیا بچے کیا بوڑھے اور نوجوان سب بارش میں نہانے کے لئے باہر نکل آئے،محکمۂ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق آج سے 23 جولائی کے دوران مری، گلیات، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال اور ساہیوال سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع ہے۔ اس کے علاوہ جنوبی پنجاب کے اضلاع بشمول ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر اور رحیم یار خان میں بھی 20 سے 24 جولائی کے دوران وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں پشاور، مردان، سوات، چترال، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کوہاٹ اور بنوں سمیت کئی اضلاع میں 23 جولائی تک آندھی اور کہیں کہیں موسلا دھار بارش کا خطرہ ہے۔ دوسری جانب بلوچستان کے شمالی و شمال مشرقی اضلاع ژوب، لورالائی، سبی، خضدار اور کوہلو میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور حبس زدہ رہے گا، تاہم تھرپارکر، سکھر، لاڑکانہ اور دادو سمیت چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ ادھر گلگت بلتستان میں 25 جولائی تک دیامیر، سکردو، ہنزہ اور گلگت میں وقفے وقفے سے بارش اور آندھی کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔
متعلقہ اداروں نے ممکنہ اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے پیشِ نظر مسافروں اور مقامی آبادی کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اسلام آباد ، لاہور سمیت پنجاب بھر میں بارشیں ، اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری

