اسلام آباد :ملک بھر میں درپیش ایل پی جی کے شدید بحران اور بلند ترین قیمتوں کے بعد پاک ایران سرحد پر پھنسے باؤزرز کی کلیئرنس اور پورٹ قاسم پر بحری جہازوں کی آمد سے گیس کی قلت دور ہونے اور قیمتوں میں نمایاں کمی کی امید پیدا ہو گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گبد ریمدان بارڈر پر پھنسے ایل پی جی کے 200 سے زائد باؤزرز کی کلیئرنس سے مارکیٹ میں تقریباً 3 سے 4 ہزار ٹن گیس شامل ہونے کا امکان ہے، جس کے بعد فی کلو قیمت میں 50 سے 70 روپے تک کمی متوقع ہے۔
دوسری جانب پورٹ قاسم پر 4 ہزار 520 میٹرک ٹن ایل پی جی کا حامل جہاز لنگر انداز ہو چکا ہے جبکہ 3 ہزار 83 میٹرک ٹن کارگو منتقل کرنے والا ایک اور جہاز روانہ ہو گیا ہے۔
حالیہ دنوں میں ایران سے گیس کی آمد معطل ہونے کے باعث پاکستان میں ایل پی جی کی قیمتیں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھیں۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے اکتوبر کے لیے سرکاری قیمت 279 روپے فی کلو مقرر کی تھی، تاہم ادارہ شماریات اور ایل پی جی ڈیلرز کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں گیس 550 سے 610 روپے فی کلو جبکہ 11.67 کلو کا گھریلو سلنڈر 4500 روپے سے بڑھ کر 7000 روپے تک فروخت ہوتا رہا۔
پاکستان ایل پی جی ایسوسی ایشن کے مطابق بلوچستان میں 12 کلو کا سلنڈر 7000، لاہور میں 7500 اور اسکردو میں 8200 روپے تک پہنچ گیا تھا۔
پاکستان روزانہ ایران سے تقریباً 7 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی درآمد کرتا ہے، جس میں سے 4 ہزار ٹن سے زائد سپلائی صرف گبد ریمدان کے راستے داخل ہوتی ہے۔
سرحد پر تجارتی تعطل سے نہ صرف گیس کی قلت پیدا ہوئی بلکہ پاکستانی برآمدات کے ایک ہزار سے زائد کنٹینرز بھی پھنس گئے تھے، تاہم بعد میں جلد خراب ہونے والی غذائی اشیا کی برآمد بحال کر دی گئی۔
بزنس ریکارڈر کے مطابق، پاکستانی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھی حال ہی میں تہران کے دورے کے دوران ایرانی قیادت سے تجارتی امور پر تبادلہ خیال کیا تھا جس کے بعد دونوں ممالک کی جانب سے سرحدی تجارت معمول پر آگئی ہے۔
مقامی ریفائنریوں کی محدود پیداوار اور سردیوں کی آمد سے قبل طلب میں اضافے کے باعث ایران سے درآمدی گیس کی دستیابی انتہائی اہم سمجھی جاتی ہے۔
ایل پی جی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ بحری جہازوں اور ایرانی سرحد سے باؤزرز کی مسلسل آمد سے سپلائی کی صورت حال واضح طور پر بہتر ہوگی، تاہم مارکیٹ میں فی کلو قیمت میں واقعی کتنا رلیف ملتا ہے اس کا حتمی انحصار آنے والے دنوں میں طلب اور رسد کے توازن پر ہوگا۔
گیس باؤزر جہاز کراچی پہنچ گئے ، ایران سے بھی سپلائی بحال، ایل پی جی کی قیمت میں کمی

