ملتان:ملتان میں یتیم بچےکو کارسےکچلنے والا مرکزی ملزم تو قیر مبینہ پولیس مقابلے میں بہاولپور کے قریب مارا گیا۔
ملزم نے پیر کے روز کار کی ٹکر سے 15 سالہ لڑکے کو کچل دیا تھا۔ یتیم بچہ وسیم عباس ملزم توقیر کے غیرانسانی رویے سے تنگ آکر کام نہیں کرنا چاہتا تھا۔
ڈسٹرکٹ آفیسر سی سی ڈی عرفان اکبر کے مطابق واقعے کے بعد ملزم توقیر نذیرکو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا اور پھر ملزم کو جوڈیشل مجسٹریٹ نے 4 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا تھا جہاں سے وہ فرار ہوگیا تھا۔
ڈسٹرکٹ آفیسر سی سی ڈی کا کہنا ہے کہ ناردرن بائی پاس بہاولپور پر پولیس نے 2 موٹرسائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس کے روکنے پر ملزمان نے بھاگتے ہوئے فائرنگ کی،اس دوران ملزم توقیر اپنے ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا جبکہ ملزم کاساتھی فرار ہوگیا۔
واضح رہے کہ عدالت میں پیشی کے دوران وکلاء نے ملزم کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا تھا۔ملتان کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں 15 سالہ یتیم لڑکے کو کار تلے کچل کر قتل کرنے کی مختلف سی سی ٹی وی فوٹیجز میں لڑکے کا تعاقب کرنے اور اس پر گاڑی چڑھانے کے مناظر سامنے آئے تھے۔
ملزمان نے قتل کو حادثہ ثابت کرنے کی کوشش کی تاہم مختلف زاویوں سے سامنے آنے والی ایک سے زیادہ سی سی ٹی وی کیمروں کی ویڈیوز نے ثابت کیا کہ یہ حادثہ نہیں بلکہ ظالمانہ انداز کا قتل تھا۔
ویڈیوز میں لڑکے کو بھاگتے اور ملزمان کو اس کا پیچھا کرتے دیکھا جاسکتا ہے، ایک اور سی سی ٹی وی کیمرے کی ویڈیو میں وہ درد ناک منظر بھی قید ہوا جس میں ملزمان نے بچے پر تیز رفتار کار چڑھادی اور وہ موقع پر دم توڑ گیا۔

