لاہور:(حافظ نعیم سے )پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف آج ایک نجی دورے پر لندن روانہ ہو رہی ہیں۔ باخبر ذرائع کے مطابق ان کا یہ دورہ مکمل طور پر خاندانی اور پرائیویٹ نوعیت کا ہے جس کا مقصد ان کی چھوٹی بیٹی کی گریجویشن کی تقریب میں شرکت کرنا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ مریم نواز شریف کی چھوٹی بیٹی نے ایک برطانوی یونیورسٹی سے اپنی تعلیم کامیابی کے ساتھ مکمل کر لی ہے اور اب وہاں ان کی گریجویشن کی باضابطہ تقریب منعقد ہونے جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب اس خوشی کے موقع پر اپنی بیٹی کے ساتھ موجود رہنے کے لیے لندن جا رہی ہیں جہاں وہ دو سے تین روز تک قیام کریں گی۔
حکومتی اور سیاسی حلقوں میں گردش کرنے والی افواہوں کو رد کرتے ہوئے ذرائع نے واضح کیا ہے کہ اس مختصر دورے کے دوران مریم نواز کی کوئی بھی سیاسی ملاقات طے شدہ نہیں ہے۔ تقریب میں شرکت اور کچھ وقت خاندانی مصروفات میں گزارنے کے بعد وہ اپنی صاحبزادی کے ہمراہ دوبارہ پاکستان واپس پہنچ جائیں گی۔

