"پنجاب بڑا بھائی ہے، خلوصِ نیت سے تمام صوبوں کی رہنمائی کے لیے حاضر ہے”، پنجاب سے سیکھنے والے دیگر صوبوں کی تنقید پر دوٹوک گفتگو
لاہور:پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی دو سالہ شبانہ روز محنت اب رنگ لا رہی ہے، اور صحت کے شعبے میں ایک حقیقی انقلاب برپا ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی اشد ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے ریکارڈ کم ترین عرصے میں جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی قائم کر دیا گیا ہے جس نے باضابطہ طور پر اپنے کام کا آغاز بھی کر دیا ہے۔
لاہور میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ شہر کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے تناسب سے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (PIC) کی گنجائش کم پڑ رہی تھی، جس کے پیشِ نظر جناح کارڈیالوجی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ انہوں نے سب سے بڑا اعلان یہ کیا کہ اس جدید اسپتال میں ہارٹ ٹرانسپلانٹ (دل کی پیوند کاری) کا علاج مکمل طور پر 100 فیصد مفت فراہم کیا جائے گا۔
عظمیٰ بخاری نے مزید بتایا کہ جناح کارڈیالوجی کے علاوہ سرگودھا میں بھی کارڈیالوجی اسپتال کا کام تقریباً مکمل ہو چکا ہے جو جلد مریضوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز بہت جلد پاکستان کے سب سے بڑے نواز شریف کینسر اسپتال کا افتتاح کرنے جا رہی ہیں، جو ایک ہزار (1000) بیڈز پر مشتمل ہوگا اور جہاں کینسر کے مریضوں کو عالمی معیار کی طبی سہولیات میسر آئیں گی۔
انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں نہ صرف صوبے کے بلکہ پاکستان بھر سے آنے والے مستحق مریضوں کا علاج مکمل طور پر مفت کیا جا رہا ہے۔ مریم نواز کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے حکمرانی میں گڈ گورننس، شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کی ایک نئی مثال قائم کی ہے۔
"پنجاب بڑا بھائی ہے، انگلی اٹھانے والے پہلے خود سیکھیں”
دیگر صوبوں کی جانب سے تنقید کا جواب دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے واضح الفاظ میں کہا کہ "پنجاب بڑا بھائی ہے اور خلوصِ نیت کے ساتھ تمام صوبوں کی رہنمائی کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔ جو لوگ یا صوبے پنجاب سے ترقی اور گورننس کے ماڈل سیکھ رہے ہیں، انہیں بلاوجہ پنجاب پر تنقید کرنے یا انگلی اٹھانے سے گریز کرنا چاہیے۔”

