میاں چنوں بینقاب نیوز رپوٹرر عاصم کمال
تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میاں چنوں کے میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈاکٹر آصف محمود چوہدری نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہسپتال میں مریضوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں ہسپتال کا الیکٹرانک سسٹم اور دیگر تکنیکی مسائل مکمل طور پر درست کر دیے گئے ہیں جبکہ بے ہوشی کے لیے استعمال ہونے والی دونوں بڑی مشینیں بھی بحال کر دی گئی ہیں۔ اس کے بعد روزانہ 80 سے زائد مریضوں کے الٹراساؤنڈ کیے جا رہے ہیں۔ہسپتال میں مختلف آپریشنز بھی باقاعدگی سے شروع ہو چکے ہیں جن میں ڈلیوری (زچگی)، اپینڈکس، ہرنیا، بواسیر، رحم (بچہ دانی) کی رسولیاں اور پتھری (پتے کی پتھری) کے آپریشن شامل ہیں۔ ڈاکٹر آصف محمود چوہدری کے مطابق شوگر کے رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 1140 ہے جن میں 1100 بزرگ اور 40 کم عمر مریض شامل ہیں۔ ان مریضوں کو شوگر سے متعلق ادویات انسولین فراہم کی جا رہی ہے جبکہ روزانہ 35 سے 40 مریض اس سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں، جس کی نگرانی وہ خود کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سائیکل اسٹینڈ کے ٹھیکے کی نیلامی 16 جون 2026 کو ہسپتال میں مکمل شفاف طریقے سے کی جائے گی۔کینٹین کا معاملہ اس وقت عدالت میں زیر سماعت ہے اور اس کا فیصلہ جلد متوقع ہے۔ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میاں چنوں میں مریضوں کی سہولیات کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے جا رہے ہیں، اور نئے مالی سال میں مزید بہتری لائی جائے گی۔ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جا رہا ہے۔۔

