اسلام آباد:ملک کے مختلف حصوں میں 24 سے 30 مارچ تک تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک طاقتور سلسلہ ملک میں داخل ہو رہا ہے، جو وقفے وقفے سے بارش اور آندھی کا سبب بنے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں 24 سے 29 مارچ کے دوران بارش اور بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ پنجاب اور اسلام آباد میں 25 سے 28 مارچ کے دوران بارشوں کا سلسلہ شدت اختیار کر سکتا ہے، جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔
گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ سندھ کے چند شہروں میں 26 سے 29 مارچ کے دوران تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز بارشوں کے باعث شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ متعلقہ اداروں کو ہنگامی اقدامات کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، جبکہ عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

