امرتسر:بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت گھریلو صارفین کو 600 یونٹ تک مفت بجلی فراہم کر رہی ہے تاکہ عام شہریوں پر بڑھتے اخراجات کا بوجھ کم کیا جا سکے۔
بھگونت مان کے مطابق اس پالیسی کے تحت شہری اپنی ضرورت کے مطابق ایئر کنڈیشنرز اور دیگر برقی آلات استعمال کرسکتے ہیں، جبکہ حکومت نے بجلی کے نظام کو مالی طور پر مستحکم رکھنے کیلئے بھی اقدامات کیے ہیں تاکہ محکمہ خسارے کا شکار نہ ہو۔وزیراعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ حکومت نے 540 میگاواٹ صلاحیت کا ایک نجی تھرمل پاور پلانٹ 1080 کروڑ روپے میں خرید لیا ہے، جس سے توانائی کی پیداوار اور سپلائی پر سرکاری کنٹرول مزید مضبوط ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ ریاست میں کوئلے کی مقامی پیداوار بڑھانے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے اور ایک کان سے سالانہ تقریباً 70 لاکھ میٹرک ٹن کوئلہ حاصل کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق سستا مقامی کوئلہ استعمال ہونے سے بجلی کی پیداواری لاگت کم رکھنے میں مدد مل رہی ہے۔
بھگونت مان نے کہا کہ ماضی میں کئی سرکاری اداروں کو جان بوجھ کر خسارے میں ظاہر کرکے نجکاری کی جاتی رہی، تاہم موجودہ حکومت اس کے برعکس حکمتِ عملی اختیار کیے ہوئے ہے اور سرکاری اداروں کو مضبوط اور خود کفیل بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔
گھریلو صارفین کے لیے ’’600 یونٹ بجلی فری‘‘ وزیراعلیٰ پنجاب کا بڑا اعلان

