سینیگال کے صدر باسیرو دیومائی فائے نے وزیر اعظم کو عہدے سے ہٹاتے ہوئے حکومت تحلیل کرنے کا اعلان کردیا، جس کے بعد ملک کی سیاسی صورتحال میں نئی ہلچل پیدا ہوگئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صدارتی دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت کے اندر پالیسی اختلافات اور انتظامی معاملات میں بڑھتی ہوئی پیچیدگیوں کے باعث یہ فیصلہ ناگزیر ہوگیا تھا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ جلد نئی کابینہ تشکیل دی جائے گی تاکہ حکومتی امور کو مؤثر اور مستحکم انداز میں چلایا جاسکے۔صدر کے اس اچانک اقدام پر اپوزیشن جماعتوں نے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے ملک میں سیاسی بحران کی علامت قرار دیا ہے۔دوسری جانب حکومتی حلقوں کا مؤقف ہے کہ یہ فیصلہ آئینی اختیارات کے تحت کیا گیا اور اس کا مقصد حکومتی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق اس پیش رفت کے بعد سینیگال میں قبل از وقت انتخابات، نئی سیاسی صف بندی اور حکومتی اتحاد میں تبدیلیوں کے امکانات بھی بڑھ گئے ہیں، جس کے ملکی سیاست پر دور رس اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔