نیویارک/نئی دہلی: بھارت کے ممتاز صنعت کار اور اڈانی گروپ کے چیئرمین گوتم اڈانی کے لیے بڑی قانونی راحت کی خبر سامنے آئی ہے۔ نیویارک ٹائمز کی ایک چونکا دینے والی رپورٹ کے مطابق، امریکی محکمہ انصاف گوتم اڈانی اور دیگر کے خلاف دائر کردہ بدعنوانی اور دھوکہ دہی کے سنگین الزامات کو ختم کرنے پر غور کر رہا ہے۔
امریکی محکمہ انصاف اس ہفتے کے اوائل میں ہی ان الزامات کے باقاعدہ خاتمے کا اعلان کر سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی، امریکی سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن (SEC) بھی نومبر 2024 میں اڈانی کے خلاف دائر کردہ متوازی سول فراڈ کیس کو حل کرنے کی سمت پیش قدمی کر رہا ہے۔
یادرہے کہ امریکی حکام نے گوتم اڈانی، ان کے بھتیجے ساگر اڈانی اور دیگر پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے 2020 اور 2024 کے درمیان بھارت میں شمسی توانائی کے منافع بخش معاہدے حاصل کرنے کے لیے بھارتی حکام کو مبینہ طور پر 250 ملین امریکی ڈالر سے زیادہ کی رشوت دینے کی اسکیم تیار کی تھی۔
نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، کیس کے رخ میں یہ بڑی تبدیلی اڈانی گروپ کی جانب سے ایک نئی اور بااثر قانونی ٹیم کی خدمات حاصل کرنے کے بعد آئی ہے۔ اس ٹیم کی قیادت رابرٹ جے گیفرا جونیئر کر رہے ہیں، جو مشہور لاء فرم سلیوان اینڈ کروم ویل ایل ایل پی سے وابستہ ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ گیفرا جونیئر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے شخصی وکیلوں میں سے ایک مانے جاتے ہیں۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گیفرا جونیئر نے گزشتہ ماہ واشنگٹن میں محکمہ انصاف کے ہیڈ کوارٹر میں اعلیٰ حکام سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں وکیل نے یہ نکتہ اٹھایا کہ استغاثہ کے پاس کیس چلانے کے لیے کافی ثبوت اور دائرہ اختیار موجود نہیں ہے۔سنسنی خیز دعویٰ یہ بھی کیا گیا ہے کہ وکیل نے ملاقات کے دوران یہ تجویز بھی پیش کی کہ اگر اڈانی کے خلاف الزامات ختم کر دیے جاتے ہیں تو وہ امریکی معیشت میں 10 بلین امریکی ڈالر کی خطیر سرمایہ کاری کرنے کے لیے تیار ہو سکتے ہیں، جس سے 15,000 ملازمتیں پیدا ہوں گی۔
ادھر بھارت میں، اپوزیشن جماعت کانگریس نے ان میڈیا رپورٹس کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی پر حملے تیز کر دیے ہیں۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اب یہ واضح ہو گیا ہے کہ وزیر اعظم نے امریکا کے ساتھ "ناامیدی سے یک طرفہ” تجارتی معاہدے پر کیوں اتفاق کیا اور انہوں نے 10 مئی 2025 کو اچانک "آپریشن سندور” کیوں روک دیا۔
جے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ٹرمپ انتظامیہ "موڈانی” (مودی اور اڈانی کا ملاپ) کے خلاف بدعنوانی کے تمام الزامات ختم کرنے والی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ وزیر اعظم صدر ٹرمپ کی دھمکیوں پر عمل کرتے ہوئے قومی مفادات پر کتنا زیادہ "سمجھوتہ” کر سکتے ہیں۔
ٹرمپ کے وکیل کی انٹری کے بعد گوتم اڈانی کے خلاف امریکی الزامات ختم : نیویارک ٹائمز ، مودی نے آپریشن سندور اڈانی کو بچانے کیلئے روکا، اپوزیشن

