سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو) گورنمنٹ کالج فار وویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کے ساتویں کانووکیشن کی سردار سلیم حیدر خان نے صدارت کی جس میں یونیورسٹی کی 3,635 طالبات کو ڈگریاں جبکہ 98 نمایاں گریجویٹس کو گولڈ اور سلور میڈلز سے نوازا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ تحریک پاکستان میں فاطمہ جناح کا کردار ناقابلِ فراموش ہے جبکہ پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلی مریم نواز شریف بھی طالبات کیلئے ایک مثر رول ماڈل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بینظر بھٹو کی آمریت کے خلاف جدوجہد نے خواتین کا سر فخر سے بلند کیا۔تعلیم حاصل کرنے کے بعد اب عملی میدان میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کا وقت ہے اور اعلی کردار کے بغیر تعلیم ادھوری ہے۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنی زندگیوں میں اسلامی تعلیمات اور امہات الممنین کی سیرت کو مشعلِ راہ بنائیں کیونکہ دین اسلام میں بے شمار عظیم رول ماڈلز موجود ہیں جن کی پیروی سے کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔گورنر سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں طالبات کی تعداد متاثر کن ہے جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر کا کردار قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کا تعلیم کی طرف بڑھتا رجحان خوش آئند ہے اور تقریبا چار ہزار طالبات کا گریجویٹ ہونا قابلِ فخر کامیابی ہے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے اپنے خطاب میں بتایا کہ یونیورسٹی اس وقت چار فیکلٹیز کے تحت 59 ڈگری پروگرامز فراہم کر رہی ہے جبکہ نئے امام بی بی کیمپس میں 10 شعبہ جات فعال ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے صنعتوں، سرکاری اداروں اور تعلیمی تنظیموں کے ساتھ 110 سے زائد معاہدے کئے ہیں جبکہ سال 2024-25 کے دوران 700 ریسرچ پیپرز بھی شائع کئے گئے۔گورنر نے طالبات کو میڈلز اور ڈگریاں دیں۔
تحریک پاکستان میں فاطمہ جناح کا کردار ناقابلِ فراموش ہے :گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان

